خضدار میں اسکول بس پر حملہ: تین بچوں سمیت پانچ افراد شہید،اور باقی زخمی
راولپنڈی: خضدار میں ایک افسوسناک اور بزدلانہ دہشتگرد حملے میں اسکول بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ حملہ بھارت جیسے دہشتگرد ریاست کے ایماء پر اس کے ایجنٹوں کے ذریعے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ میدان جنگ میں ناکامی کے بعد بھارت نے اپنے پروردہ دہشتگردوں کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی پھیلانے پر لگا دیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے یہ مہرے، جو آپریشن "بنیان مرصوص” میں ناکامی کے بعد سیکیورٹی فورسز کی نظروں میں آ چکے ہیں، اب نہتے شہریوں اور بچوں جیسے نرم اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے ریاستی سطح پر دہشتگردی کو بطور پالیسی اپنانا قابلِ مذمت اور اخلاقی پستی کی عکاسی ہے۔ ایسے گھناؤنے حملے بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ اس حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور اس ظلم پر خاموش نہیں بیٹھا جائے گا۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور بہادر عوام مکمل اتحاد کے ساتھ کھڑے ہیں، اور بھارتی سرپرستی میں کی جانے والی دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا۔