پاکستان کا 63,000 سے زائد حج کوٹہ ضائع، صرف 25,698 عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے

دوستوں کے ساتھ ضرور شیئر کریں:

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ اس سال پاکستان کے حج کوٹے میں سے 63,907 افراد کا حصہ ضائع ہو گیا ہے، اور صرف 25,698 خوش نصیب عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو حج 2025 کے لیے تقریباً 89,605 افراد کا کوٹہ دیا گیا تھا، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر مکمل کوٹہ استعمال نہ کیا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس صورتحال کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے جو اس بات کا جائزہ لے گی کہ مکمل کوٹہ کیوں نہ استعمال ہو سکا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سردار یوسف نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 14 فروری کی آخری تاریخ تک صرف 3,600 افراد کی حج درخواستوں کی ادائیگی ممکن ہو سکی تھی۔ بعد ازاں ڈیڈ لائن میں ایک ہفتے کی توسیع کی گئی، جس کے نتیجے میں مزید 10,600 درخواستیں مکمل کی جا سکیں۔

تاہم، وزیر خارجہ کی مداخلت پر سعودی ہم منصب نے اپریل کے وسط میں پاکستان کو مزید 10,000 کا کوٹہ دینے پر آمادگی ظاہر کی اور اس کے لیے 18 اپریل کی حتمی تاریخ مقرر کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے شکایت کی کہ انہیں ڈیڈ لائن سے آگاہ نہیں کیا گیا، مگر حقیقت یہ ہے کہ متعلقہ ادارے کو وقتاً فوقتاً تحریری طور پر آگاہ کیا جاتا رہا۔

حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (HOAP) کے چیئرمین زعیم اختر صدیقی کے مطابق پاکستان کی حج پالیسی 27 نومبر 2024 کو جاری کی گئی تھی، جس کے بعد سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں 28 نومبر سے 25 مارچ تک جمع کی گئیں، جبکہ پرائیویٹ اسکیم کو صرف 14 جنوری سے درخواستیں جمع کرنے کی اجازت دی گئی، حالانکہ سعودی نظام کی ڈیڈ لائن 21 فروری تھی۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وزارت مذہبی امور سعودی عرب میں تمام عازمین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو کمپنیاں معیاری کھانے فراہم نہ کریں گی، انہیں بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بھی جانچ کی جائے گی کہ سعودی عرب میں پہلے سے بلیک لسٹ کمپنی کو کس طرح معاہدہ دیا گیا۔ وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ آخری پری حج فلائٹ 31 مئی کو جدہ روانہ ہوگی۔

یہ خبریں بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے