چین نے پاکستان کی خودمختاری کی مکمل حمایت کا اعادہ کر دیا
بیجنگ میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاک چین تعلقات، جنوبی ایشیائی خطے کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔، اور سی پیک سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ وانگ ای نے واضح کیا کہ چین پاکستان کا بااعتماد دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے سفر میں چین ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کے لیے چین کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی چین کے کلیدی مفادات کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا، جبکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر ہونے والی پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنائیں گے۔