خضدار: اسکول بس پر خودکش حملہ، وزیراعظم کی شدید مذمت

دوستوں کے ساتھ ضرور شیئر کریں:

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت کی پشت پناہی میں ملک دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم نے واقعے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کے اہلِ خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو سفاکانہ اور انسانیت سوز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے سے بلوچستان میں تعلیم دشمن عناصر کے ناپاک عزائم بے نقاب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا درندگی کی بدترین مثال ہے، اور ایسے عناصر ملک کے امن، ترقی اور تعلیم کے دشمن ہیں۔ شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے کی فوری اور مکمل تحقیقات کی جائیں، مجرموں کی شناخت کر کے انہیں سخت سزا دی جائے، اور زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی، اور قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ ضلع خضدار کے علاقے زیرو پوائنٹ پر اسکول بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 بچے سمیت کم از کم 5 افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار، یاسر دشتی کے مطابق ابتدائی معلومات سے واقعے کو خودکش حملہ قرار دیا گیا ہے۔ دھماکے سے اسکول بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچیں، زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

یہ خبریں بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے