کراچی اور پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں شدید گرمی کا امکان

دوستوں کے ساتھ ضرور شیئر کریں:

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوائیں 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ہے۔

ماہرین کے مطابق دن کے وقت درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے اور ہوائیں 18 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بنتا جا رہا ہے جو ممکنہ طور پر آنے والے دنوں میں سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس سسٹم کے اثرات کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی پیشگوئی کی ہے کہ اتوار سے جمعہ تک کراچی میں گرمی کی شدت مزید بڑھ جائے گی۔

ادھر پنجاب میں پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ گرمی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق ملتان، ساہیوال اور فیصل آباد میں دوپہر سے پہلے ہی درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ چکا ہے، جبکہ لاہور میں 36 ڈگری کے باوجود گرمی کی شدت 42 ڈگری محسوس کی جا رہی ہے۔

خیبر پختونخوا کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں بھی 20 سے 24 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے اور تیز ہوائیں اور گردوغبار بھی چلنے کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ہیٹ اسٹروک اور پانی کی قلت کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ 20 سے 24 مئی تک خاص طور پر بچے، بزرگ اور خواتین غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ باہر جانا ضروری ہو تو دھوپ سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کریں اور پانی زیادہ سے زیادہ پئیں۔

یہ خبریں بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے