پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس، تعاون بڑھانے پر اتفاق
بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس ہوا جس میں تینوں ممالک نے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر مکمل اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت مثبت اور تفصیلی رہی، جس میں اعتماد سازی، قریبی روابط، اور مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سہ فریقی پلیٹ فارم کو علاقائی امن، ترقی، اور افغانستان کی بہتر ہوتی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں ترقی کے لیے مضبوط معاشی روابط اور رابطوں کا قیام ناگزیر ہے، اور سہ فریقی تعاون کے دائرے کو عملی سطح پر جاری رکھا جائے گا۔
پاکستان نے اجلاس میں افغانستان سے تجارتی اور طبی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ چین اور پاکستان دونوں نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کو افغانستان تک وسعت دینے کی حمایت کی، جبکہ چین نے پاکستان اور افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور تائید کی۔
اجلاس میں سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دہشتگردی سمیت بیرونی خطرات کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق ہوا۔ تینوں ممالک نے دہشتگردی کی ہر قسم کی کھل کر مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ کا اگلا سہ فریقی اجلاس جلد کابل میں منعقد کیا جائے گا۔
چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بھی اجلاس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور بتایا گیا کہ چین، پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان نے جلد سفیروں کی دوبارہ تعیناتی پر بھی اتفاق کیا، جب کہ چین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تینوں ممالک اپنے اندرونی معاملات میں کسی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے، اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ چین کے تین روزہ کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔