بحیرہ عرب میں ممکنہ سائیکلون، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں سائیکلون کی تشکیل کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق مون سون سیزن کی ابتدائی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں، اور آئندہ 12 گھنٹوں میں کرناٹک اور گوا کے ساحلی علاقوں سے دور سمندر میں کم دباؤ کا نظام بننے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کم دباؤ والا نظام شمال کی طرف بڑھ سکتا ہے اور اگلے 36 گھنٹوں کے دوران شدت اختیار کر کے "ڈپریشن” کی شکل اختیار کر سکتا ہے، جو کہ ایک ابتدائی سمندری طوفان کی علامت ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ طوفان کی حتمی سمت اور شدت کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم ممکنہ خطرے کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
دوسری طرف چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ اس سال مون سون سیزن متوقع وقت سے 3 سے 4 دن پہلے، یعنی جون کے اختتام پر شروع ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال بارشیں معمول سے 5 فیصد زیادہ ہوں گی، جبکہ شمالی مشرقی پنجاب میں بارشیں 50 فیصد زائد ہو سکتی ہیں۔
چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ بھی ہے، جو آبی قلت کا سبب بن سکتا ہے۔ تاہم، شمالی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں معمول سے کم بارش متوقع ہے۔