میرعلی واقعے کے پیچھے بھارت کی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم ملوث، پاک فوج کا انکشاف
ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19 مئی کو میرعلی، شمالی وزیرستان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اور ابتدائی شواہد سے واضح ہوا ہے کہ اس واقعے میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ "فتنہ الخوارج” ملوث ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز پر لگائے گئے الزامات نہ صرف بے بنیاد ہیں بلکہ یہ ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ بھی ہیں، جس کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کو بدنام کرنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے بعد فوری طور پر شفاف اور مکمل تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ ابتدائی نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج نے اس حملے کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد بھارتی سرپرستی میں کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشتگرد گروہ شہری علاقوں کو ڈھال بنا کر نہ صرف اپنی کارروائیوں کو چھپاتے ہیں بلکہ مقامی آبادی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ ان کا مقصد لوگوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز مقامی عوام کے ساتھ مل کر دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔