پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر ہوشربا اضافے کی تیاریاں ٗ سمری ارسال
اسلام آباد (مسائل نیوز)یکم اکتوبر سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات ایک بار پھر مہنگی ہونے کا امکان ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت 5 روپے 25 پیسے فی لیٹر تک بڑھ سکتی ہے، ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے تین روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کرے گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا انحصار پیٹرولیم
لیوی اور جی ایس ٹی پر ہوگا، اس وقت پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 5 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہے،ڈیزل پر فی لیٹر 5 روپے 14پیسے پیٹرولیم لیوی عائد ہے۔یاد رہے کہ 15 ستمبر کو ہی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے ایک پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔