اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کمیونسٹ پارٹی چین (سی پی سی) کے قیام کی صدسالہ تقریبات کے موقع پر چین کے صدر اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پنگ کو مبارک کے پیغام میں کہاہے کہ چین کی آزادی اور اس کا عروج کمیونسٹ پارٹی کی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ سی پی سی کا قیام ایک تاریخ سازموقع تھا جس کے دنیا کی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔
سی پی سی اور اس کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے اجاگر کیا کہ چین کی آزادی اور اس کا عروج کمیونسٹ پارٹی کی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے عوام کی فلاح وبہبود خاص طورپر سماجی ومعاشی انقلاب برپا کرنے اور عوام کو غربت کے چنگل سے نجات دلانے میں ’سی۔پی۔سی‘ کی کوششوں کو
خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر شی جن پنگ کی دانشمند اور ہمہ جہت قیادت میں چینی قوم کا ’عظیم تجدیدنو‘ کی طرف سفر جاری رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان چین دوستی کو پروان چڑھانے میں کمیونسٹ پارٹی چائنا کے کردار کو بھی سراہا۔ 2021 میں دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کے موقع کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کی خواہش کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان دوستی ہمیشہ کی طرح مزید پھلتی پھولتی رہے گی۔