اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ایک بارپھر واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم کا اسرائیل بارے وہی موقف ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کا تھا ، پاکستا مسئلہ فلسطین کے حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ان کیمرہ سیشن میں تمام صورتحال پر اپوزیشن کو بریفنگ دی جائے گی۔
ایک انٹرویومیں انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، فلسطین کا معاملہ ہو یا کوئی بھی اور ایشو ہو، وزیراعظم عمران خان جب بیرون دنیا کے سامنے کوئی بھی بات کرتے ہیں تو وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان میں موجود فلسطین کے سفیروں نے بھی
فلسطین کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے کردار کو سراہا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی
سلامتی کے ان کیمرہ سیشن میں تمام صورتحال پر اپوزیشن کو بریفنگ دی جائے گی، ابھی تک پاکستان نے افغان امن عمل میں جو کردار ادا کیا ہے اس حوالے سے بھی بریف کیا جائے گا، افغانستان کی بدلتی صورتحال کے حوالے سے ایک مشترکہ حکمت عملی اور قومی لائحہ عمل بنانے کے لئے بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز اور پارلیمنٹری لیڈرز اس میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔