بارکھان(مسائل نیوز) صوبائی وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ ضلع بارکھان کی خوشحالی اور ترقی امن و امان سے وابستہ ہے اور ہم یہاں پرامن و خوشحال ماحول کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔جبکہ علاقے کے بااثر شخصیات کی مدد سے تمام قبائلی و باہمی تنازعات کا قلع قمع کرنے کے لیے شب و روز کوششیں جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور ثالث دیرینہ قبائلی دشمنی کا تصفیہ کرنے کے موقع پر جرگہ ممبران،قبائلی عمائدین اور اہل علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر علاقائی معتبرین وڈیرہ محمد حسین،وڈیرہ ذوالفقار،میر شہباز،سردار زادہ قاسم شاہ،وڈیرہ تاج محمد،میر ایوب کھیتران وہ دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر و قبائلی سردار کا کہنا تھا کہ بحیثیت مسلمان ہم سب آپس میں بھائی بھائی ہیں
ہمارے دونوں جہاں کی کامیابی احکام الہی اور دین محمدی میں پوشیدہ ہے تاہم معاف کرنا اور عفو درگزر کی پیروی کرنا رب کریم اور اس کے محبوب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پسندیدہ عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام ہمیں معاف کرنے اور عفو درگزر کا درس دیتا ہے۔جبکہ دنیا کے تمام اقوام بھی اس موقف پر متفق ہیں کہ باہمی تنازعات اور اختلافات کو ختم کیے بغیر ترقی کے اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ باہمی تنازعات اور قبائلی جھگڑوں کے مناسب اور دیرپا حل کو مخلصانہ اور منصفانہ سوچ سے ہی ختم کرنا ممکن ہے جبکہ انصاف کا دامن تھامے رکھتے ہوئے اس طرح کی پرانی رنجشوں اور باہمی تنازعات کے خاتمے اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے کے لیے اہل علاقہ پرامید ہیں اور امن و امان کے لئے جاری ہماری ان کوششوں سے آنے والی نسلیں پرامن فضاء میں سانس لے سکیں گے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے فریقین وڈیرہ سلطان کرمدانی اور حاجی عبدالقادر صدیقانی کے مابین جھگڑے سے قبائلی دشمنی کا آغاز ہو گیا تھا۔تاہم سردار عبدالرحمن کھیتران کی کاوشوں اور شب و روز کوششوں کی بدولت ہونے والے اس تصفیہ سے اہل علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔تصفیہ کے اس پروگرام میں موجود قبائلی عمائدین،اہل علاقہ اور مذکورہ فریقین نے جرگہ ممبران اور سردار عبدالرحمن کھیتران کے امن اور ترقی پسندانہ سوچ پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیاکہ علاقے میں موجود تمام قبائلی اور باہمی تنازعات کے مناسب حل کے لئے ہم سب ان کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔