جرم ثابت ہونے پر زیارت کے دو بنک ملازمین کو 27سال سزا
کوئٹہ (مسائل نیوز) بینکنگ کورٹ بلوچستان نے 13کروڑ روپے سے زائد رقم کا غبن ثابت ہونے پر نیشنل بینک زیارت کے دو ملازمین کو 27سال قید اور ساڑھے چھ کروڑ روپے سے زائد جرمانے کی سزاسنادی۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سیکٹر نے نیشنل بینک زیارت کے او جی تھری عبدالقیوم اور منظوراحمد کے خلاف ایف آئی آر نمبر 05/2014کے تحت 13کروڑ 11لاکھ 55ہزار 900روپے کے غبن کی تحقیقات کا آغاز کیا ملزمان کے خلاف شواہد اکٹھے کرنے کے بعدانہیں گرفتار کیا گیا.
اور بینکنگ کورٹ بلوچستان میں مقدمہ چلایا گیا اور جمعہ کو بینکنگ کورٹ نے دونوں ملزمان پر دفعات 409،420،467،468،471،477A،190،34پی پی سی بمعہ 5(2)کے تحت الزامات ثابت ہونے پر ملزمان کو 27سال قید جبکہ 6کروڑ 55لاکھ 77ہزار 900روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا جبکہ جرمانہ ادانہ کرنے کی صورت میں ملزمان کو دو سال چھ ماہ مزید قید کی سزا بھگتنا ہوگی ایف آئی اے کی جانب سے تیمور شاہ کاکڑ،منیراحمد نے کیس کی پیروی کی جبکہ زبیراحمد علیزئی کی جانب سے چالان جمع کروایا گیا۔