بلوچستان قدرتی پہاڑوں، جنگلات، جھرنوں اور آبشاروں کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جام کمال
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالی نے بلوچستان کو دلکش سیاحتی مقامات اور قدرتی حسن سے نوازا ہے۔بلوچستان قدرتی پہاڑوں، جنگلات، جھرنوں اور آبشاروں کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا جغرافیائی اور طبعی ساخت کی لحاظ سے دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں شمار ہوتاہے۔صوبے میں سیاحت کے شعبے میں ترقی اور سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات اور گنجائش موجود ہے۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ٹورزم انڈسٹری کے فروغ کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے۔حکومت سیاحتی مقامات کی بحالی کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں واقع مزارات ہمارا ورثہ ہیں۔مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ان مقامات کی بحالی اور تحفظ کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے حکومت کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا ہے کہ پیر غائب کے سیاحتی مقام پر سیاحوں کے لئے سہولیات مہیا کر دی ہیں۔ ہنہ اوڑک کے لیے دو رویہ سڑک کی تعمیر پر کام جاری ہے۔سیاحتی مقام شابان کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرکے اس کی ماسٹر پلاننگ کر رہے ہیں۔وادی شابان میں 50ملین کی لاگت سے ایکوٹورزم ہٹس، ہربوئی،شینگھر اور کوژک میں 100ملین کی لاگت سے ٹورزم کیمپئن ویلیجز کے قیام کا منصوبہ ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے سیاحتی مقامات پر ریسٹ ہاس اور ریسٹ ایریا کی تعمیر کے لیے 300ملین مختص کئے گئے ہیں۔میاں غنڈی پارک کی توسیع منصوبے پر 115ملین روپے خرچ کئے جائیں گے۔پیر غائب بولان، مولہ چٹوک، کرخسہ، زیارت میں سیاحوں کے لئے روڈز، واکنگ ٹریکس،کیمپنگ ایریا اور دیگر سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی گروتھ اور فروغ سے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور صوبے کی آمدن میں اضافہ بھی ہوگا۔