گورنر پنجاب نے ابھی تک اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کی
لاہور(مسائل نیوز)پنجاب میں انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے درخواست دائر کرائی گئی جس میں گورنر پنجاب کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری فریق بنایا گیا۔درخواست میں کہا گیا کہ جمہوری نظام کے تسلسل کے لیے گورنر انتخابات کی تاریخ دینے کا پابند ہے۔
گورنر پنجاب نے ابھی تک اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کی اور تاریخ مقرر نہیں کی۔گورنر پنجاب الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہے جو آئین کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ گورنر پنجاب کا الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنا آئینی سکیم کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔انتخابات کی تاریخ دینے میں تاخیر سے الیکشن کمیشن کو انتخابی انتظامات میں دشواری ہو گی۔
درخواست میں گورنر کو صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان کرنے کی ہدایت کی استدعا کی گئی۔دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں اور کوئی قانون و آئینی پیچیدگی نہ ہوئی تو مقررہ مدت میں دونوں صوبوں کے انتخابات ہوجائیں گے۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ انتخابات سے مقبولیت کا پتہ چل جائے گا جس طرح کراچی میں پتہ چلا ہے، مسلم لیگ (ن) کی خواہش ہے کہ ملک میں ایک وقت پر عام انتخابات ہوں لیکن جس طرح بھی ہوں ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا قتل، میاں نواز شریف کی ریلی پر حملہ اس وقت کی سیکیورٹی خامی کا نتیجہ تھے، لیکن عمران خان پر وزیر آباد میں حملہ ایک انسان کے ذہنی اختلاف کی بنیاد پر ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میاں نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ تفصیلی سیکیورٹی جائزہ لینے کے بعد ہوا ہے، میاں نواز شریف ایک مقبول اور حقیقی عوامی لیڈر ہیں، وہ انتخابات کے وقت پاکستان میں ہوں گے، اس سلسلہ میں سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات اور گرفتاری ہوتی رہتی ہیں مگر پی ٹی آئی والے تو خود غیر قانونی فعل کرکے گرفتاری پر شور مچاتے ہیں۔