Ultimate magazine theme for WordPress.

سعودی عرب میں قومی دن کی فوجی پریڈ میں خواتین کی پہلی بار شرکت

0 346

ریاض (مسائل نیوز) سعودی عرب میں مملکت کے قومی دن کے موقع پر ہونے والی فوجی پریڈ میں پہلی بار خواتین بھی شریک ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین فوجیوں نے مملکت کے قومی دن پر منعقدہ پریڈ میں شرکت کی ، سعودیہ کے 91 ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ دفاعی پریڈ میں مختلف فوجی عہدوں پر تعینات سعودی خواتین نے بھرپور شرکت کی ، اس پریڈ کو سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمٹ اتھارٹی اور وزارت دفاع کے تعاون سے دارالحکومت ریاض میں منعقد کیا گیا ، علاوہ ازیں ایک اور فوجی پریڈ جدہ میں بھی منعقد کی گئی۔
خیال رہے کہ سعودی وزارت دفاع نے فوج میں خواتین کی بھرتیوں کا اعلان رواں برس کیا اور کہا کہ سعودی خواتین فوج میں بھرتی کے پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتی ہیں ، یہ فیصلہ شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030ء کے تحت کیا گیا اور خواتین کو اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ سعودی بری فوج، شاہی ائیر فورس، شاہی بحری فوج، شاہی سٹریٹیجک میزائل فورس اور آرمڈ میڈیکل فورسز میں بھرتی ہو سکیں گی ، سعودی خواتین کو فوجی، لانس کارپورل، کارپورل، سارجنٹ اور اسٹاف سارجنٹ کے عہدوں پر بھی بھرتی کیا گیا ہے۔

- Advertisement -

یاد رہے کہ سعودی عرب میں ہر سال 23 ستمبر کو قومی دن منایا جاتا ہے ، یہ دن 1932 میں عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعود کے ذریعے سعودی عرب کے یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے ، 23 ستمبر 1932ء کو سعودی عرب کی حکومت کا قیام عمل میں آیا ، جب سلطان عبدالعزیز ابن سعود نے نجدو حجاز کے تمام علاقوں پر فتح و نصرت کا پرچم لہرایا اور عرب کے اس خطے کا نام المملک العربی السعودیہ رکھا گیا۔
اس دن کی مناسبت سے تمام سرکاری ادارے بند رہتے ہیں جب کہ سعودی قومی دن لوک گیتوں کے رقص ، گانوں اور روایتی تہواروں کے ساتھ منایا جاتا ہے ، سڑکوں اور عمارتوں کو سعودی پرچموں سے سجایا جاتا ہے اور لوگ سبز اور سفید لباس زیب تن کرتے ہیں ، مملکت میں چاروں طرف سبز اور سفید سعودی غبارے بھی لگائے جاتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.