وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدکا مریم نواز پر شدید تنقید
اسلام آباد(مسائل نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کردے گی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف صبح اعلان کریں شام کو وطن واپس لانے کے لیے طیارہ بھیج دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے فوج کو احکامات جاری کردیے ہیں کہ کشمیر کے انتخابات میں فوج بھی موجود ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے شک ہے کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ(ن)سے زیادہ نشستیں حاصل کرلے گی، مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کر رہی ہے، انہیں مفت مشورہ دے رہا ہوں ‘۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے وہاں سے رونا پیٹنا ڈال رکھا ہے کہ میں بڑی تکلیف میں ہوں، یہ تکلیف آپ کی اپنی پسند کردہ ہے، صبح اعلان کریں شام کو چارٹر طیارہ بھیج دوں گا۔انہوں نے بتایا کہ نواز شریف وطن واپس آئیں انہیں بھرپور سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی، چاہتا ہوں اچھی حالت میں آجائیں اسی میں سب کا فائدہ ہے۔