Ultimate magazine theme for WordPress.

نوازشریف کی ویکسی نیشن کا معاملہ: رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش، اہم انکشافات

3 226

لندن (مسائل نیوز)لندن میں بیٹھے سابق وزیراعظم نوازشریف کو لاہور میں کورونا ویکسین لگنے کے معاملے پر پنجاب حکومت کی چار رکنی ٹیم نے رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکو پیش کی گئی اس رپورٹ کے مطابق کورونا ویکسی نیشن ڈیٹا کا اندراج چوکیدار اور وارڈ بوائے کرتے رہے۔

رپورٹ کے مطابق اسپتال کے چارملازمین نے لندن میں موجود سابق وزیراعظم نوازشریف کا ڈیٹا درج کرنے کو تسلیم کر لیا ہے ،اسپتال میں سپروائزری کا فقدان تھا جس وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سینٹر میں کوئی سینئر اسٹاف تعینات نہیں کیا گیا تھا، ڈیٹا اندراج کی ذمہ داری اسپتال انتظامیہ نے وارڈ سرونٹ اور چوکیدار کے حوالے کر دی تھی، اسپتال میں آن لائن یا مینول چیک اینڈ بیلنس کا سسٹم بھی موجود نہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایم ایس کا پی اے رانا مظفر کا دوست نوید ملاقات کےلئے آتا رہا، تعلقات بہتر ہونے پر متعدد شناختی کارڈ رجسٹرڈ کروائے گئے، نوید نے چوکیدار ابوالحسن سے بھی تعلقات بنائے، نوید نے ابوالحسن چوکیدار سے کہا والد کا ریکارڈ درج کرنا ہے، ابوالحسن نامی چوکیدار نے وارڈ بوائے عادل رفیق کو واٹس ایپ پر ڈیٹا رجسٹرڈ کرنے کو کہا۔

رپورٹ کے مطابق چوکیداراور وارڈ بوائے عادل رفیق نے ڈیٹا رجسٹرڈ کرنے کو تسلیم کیا ہے۔ایم ایس کوٹ خواجہ سعید سمیت 9 افسران اور ملازمین کو معطل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسین کے غلط اندراج کے معاملے میں ایک اور اہم پیش رفت بھی ہوئی ہے۔

- Advertisement -

محمکہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کوغفلت اور نااہلی کے باعث معطل کردیا گیاہے۔

ذرائع کے مطابق میاں منشی ہسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں تبادلہ کردیا گیا اور انہیں ایم ایس کا اضافی چارج بھی دیدیا گیا ہے۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

یاد رہےکہ گزشتہ روزسابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کورونا ویکسی نیشن کے اندراج کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ ویکسی نیشن کا جعلی اندراج نادرا کے ویب پورٹل پر بھی اپ لوڈ کیا گیا تھا ۔

ریکارڈ کے مطابق نواز شریف کو چینی ویکسین سائنو ویک لگائی گئی تھی۔ انہیں ویکسین کی دوسری خوراک ابھی لگنا باقی ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مر یم نواز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی کورونا ویکسین کے جعلی سرٹیفکیٹ کی خبرمضحکہ خیزاورباعث تشویش ہے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو کورونا ویکسی نیشن لگانے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس حکومت کا ہمیشہ کی طرح آج ایک اور لطیفہ سامنے آیا ہے، میاں نواز شریف کو لاہور کے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں ویکسین لگا دی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.