سعود ی عرب کا قومی دن ۔۔وزیر اعظم عمران خان کی خادم الحرمین الشریفین ،ولی عہد اورسعودی عوام کو مبارکباد
اسلام آباد (مسائل نیوز) سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خادم الحرمین الشریفین‘ ولی عہد اور سعودی عوام کو مبارک باد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے مملکت کے 91 ویں قومی دن کے موقع پر اپنی حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین عزت مآب جناب شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد عالی جناب محمدبن سلمان اورسعودی عرب کے برادر عوام کومبارکباد پیش کی۔
اپنے ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ ہماری دعاہے کہ دور اندیش قیادت کے زیرِسایہ سعودی عرب کی ترقی کا ان کا یہ سفرپیہم جاری رہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں ہر سال 23 ستمبر کو قومی دن منایا جاتا ہے ، یہ دن 1932 میں عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعود کے ذریعے سعودی عرب کے یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے ، 23 ستمبر 1932ء کو سعودی عرب کی حکومت کا قیام عمل میں آیا ، جب سلطان عبدالعزیز ابن سعود نے نجدو حجاز کے تمام علاقوں پر فتح و نصرت کا پرچم لہرایا اور عرب کے اس خطے کا نام المملک العربی السعودیہ رکھا گیا۔
اس دن کی مناسبت سے تمام سرکاری ادارے بند رہتے ہیں جب کہ سعودی قومی دن لوک گیتوں کے رقص ، گانوں اور روایتی تہواروں کے ساتھ منایا جاتا ہے ، سڑکوں اور عمارتوں کو سعودی پرچموں سے سجایا جاتا ہے اور لوگ سبز اور سفید لباس زیب تن کرتے ہیں ، مملکت میں چاروں طرف سبز اور سفید سعودی غبارے بھی لگائے جاتے ہیں۔