پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل، علی ظفر نے چینی گلوکارہ کے ساتھ گانا جاری کردیا
کراچی (ویب ڈیسک)گلوکار علی ظفر نے نوجوان چینی گلوکارہ ژیانگ منکی کیساتھ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کو 70 سال مکمل ہونے پر خصوصی گانا جاری کردیا۔علی ظفر نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس اور یوٹیوب پر گانا جاری کیا، جبکہ چینی گلوکارہ نے بھی گانے کی ویڈیو یوٹیوب پر جاری کی۔ علی ظفر نے گانے کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے
ہوئے بتایا کہ انہوں نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو 70 سال ہوجانے کے موقع پر خصوصی گانا ریلیز کرنے کیلئے تھوڑی بہت چینی زبان بھی سیکھی۔گانے کی ویڈیو میں علی ظفر اور گلوکارہ ژیانگ منکی کو دکھائے جانے سمیت دونوں ممالک کے معروف سیاحتی مقامات کو بھی دکھایا گیا ہے۔’دل چرایا تم نے‘ کے عنوان سے جاری کیے گئے گانے میں
دونوں ممالک کے عوام کی رہن سہن کو بھی دکھایا گیا ہے۔سادہ شاعری پر مبنی گانے میں دونوں ممالک کی سمندر سے گہری دوستی کو بیان کیا گیا ہے۔علی ظفر کے علاوہ چینی گلوکارہ ژیانگ منکی نے بھی مذکورہ ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کی، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے یوٹیوب چینل پر مذکورہ گانے کے علاوہ کوئی ویڈیوز موجود نہیں۔