سرحدپار انسداد دہشت گردی مشن کیلئے پاکستان سی آئی اے کو ہوائی اڈے نہیں دے گا،وزیر اعظم
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ سرحدپار انسداد دہشت گردی مشن کیلئے پاکستان سی آئی اے کو ہوائی اڈے نہیں دے گا، امریکا افغان جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا، امریکا کو افغانستان سے انخلا سے قبل وہاں سیاسی سیٹلمنٹ کرنی چاہیے،ایٹمی ہتھیاروں کے خلاف ہوں، ہمارے جوہری ہتھیاردفاع کے لیے ہیں
۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، اب کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کا حصہ بننا نہیں چاہتے، ملک میں اس وقت 30 لاکھ افغان پناہ گزین ہیں ، امریکا افغان جنگ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانی شہید ہوئے۔عمران خان نے کہاکہ نائن الیون کے بعد یورپ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا، پاکستان نے دیگر ممالک کی نسبت سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں لاکھوں کشمیری شہید ہوچکے، مغربی دنیا میں کشمیریوں کو کیوں نظرانداز کیا جارہا ہے،یہ مغرب کے لیے ایشو کیوں نہیں ہے؟ یہ منافقت ہے، 8 لاکھ بھارتی فوجیوں نے کشمیر کو کھلی جیل بنایا ہوا ہے