’حج 10 لاکھ سے کم کرکے ساڑھے 6 لاکھ روپے کا کردیا‘
اسلام آباد(مسائل نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے عوام کے لیے حج اخراجات میں کمی کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کے مطابق سال 2023ء میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد حج کرسکے گی کیوں کہ سعودی حکام نے پاکستان کو مکمل حج کوٹہ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے، جس کے نتیجے میں اس بار 1 لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی شہری فریضہ جج کے لیے جاسکیں گے۔
حج کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حج 10 لاکھ روپے سے کم کرکے ساڑھے 6 لاکھ روپے کا کردیا ہے، کم تجربے کے باوجود گزشتہ سال عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کیں تاہم اس سال مزید بہتر انتظامات کریں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ مفت حج سروس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد وزیراعظم، وزراء اور سرکاری افسران مفت حج نہیں کر سکیں گے، اس ضمن میں پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ ہر سال 650 افراد کومفت حج کرایا جارہا ہے، خدام اورمعاونین کی مد میں کیسے اتنے لوگوں کو بھجوایا جاسکتا ہے؟ یہ معاملہ ہم ایسے نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم وزراء یا کوئی سیاسی شخصیت مفت حج نہیں کر سکتی، سرکاری افسران، خدام، معاونین کے لیے مفت حج کی سہولت ختم کی جائے، کون کون مفت حج پر جاتا ہے؟ تمام تر تفصیلات فراہم کی جائیں۔
چئیرمین کمیٹی نے مزید کہا کہ بیوروکریٹ اور سیاستدان یا افسر مفت میں حج حاصل نہیں کر سکتا، ہمیشہ کے لیے مفت میں حج کی سہولت کو ختم کیا جائے، جن سرکاری افسران کی فیملیز نے مفت حج کیے ان سے ریکوری ہو گی، پی اے سی کا وعدہ ہے کہ مفت حج ختم ہوگا کیوں کہ پاکستان قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے یہاں ایسی سہولت عوام پر بوجھ ہیں، کسی وزیر سیکرٹری یا ایم این اے کی فیملیز گئی ہوں گی تو پیسے وصول ہوں گے، وصولیاں کرکے رقم حکومت پاکستان کے خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔