محرم الحرام ہمیں صبر، استقامت، برداشت، قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے،جام کمال
کوئٹہ، (ویب ڈسیک) وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں صبر، استقامت، برداشت، قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے، امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے عظیم ترین قربانی دی۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا ہے کہ نواسہ رسولﷺ کی قربانی نے نہ صرف تاریخ کے دھارے کو تبدیل کرکے رکھ دیا بلکہ قیامت تک کے لیے یہ نظیر قائم کی کہ حق کی طاقتیں باطل قوتوں کے
سامنے سر نہیں جھکاتیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی قائم کی ہوئی مثال سے نہ صرف سبق حاصل کریں بلکہ اس پیغام کو سمجھ کر اس پر صدق دل سے عمل کرنے کی کوشش بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سب مسلمانوں کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اور اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ
شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار،قربانی،تحمل اوربرداشت کا جذبہ پیداکریں، ہم فرقہ ورانہ ہم آہنگی،بھائی چارے اوریکجہتی کے جذبات کو فروغ دیں اوراپنے قول وعمل سے خود کوبہترین مسلمان ثابت کریں۔ وزیراعلی نے کہا کہ موجودہ وقت میں اتحاد بین المسلمین ناگزیر ہے،ہمیں کفری قوتوں سے مقابلے کیلئے اپنی صفوں میں مکمل اتحادبرقراررکھناہوگا،تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو بنیادی کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنا ہوگی
[…] نیوز)محکمہ موسمیات نے محرم الحرام کے چاند کی رویت کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی […]