داخلی انتشار پیدا کرنیوالی 750 ویب سائٹس بند کر دیں،شاہ محمود قریشی
ملتان (مسائل نیوز ڈیسک )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے 750 ویب سائٹس بند کیں جو داخلی انتشار پیدا کر رہی تھیں۔ضلع کونسل ہال میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے 43 ویں حسینیہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو تقسیم کر کے منظم تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حسینیہ کانفرنس کا مقصد مختلف خیال لوگوں کو یکجا کرکے قومی یکجہتی کا پیغام دیا جانا ہے۔وزیرِ خارجہ نے کہا کہ سول سوسائٹی جب ایسے پیغامات کو قبول کرتی ہے تو وہ پیغام مقبول ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یگانگت، اخوت، یکجہتی اور برداشت کا پیغام آگے پہنچانا بہت ضروری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ منفی خبر کی پہلے تحقیق کرنی چاہیے پھر بہتر منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا خطہ نازک دور سے گزر رہا ہے، اس وقت ہائبرڈ وار ہے، انداز بدل گئے ہیں۔وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چند ویڈیوز مخصوص دنوں میں آتی ہیں، جنہیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔