عمران خان کی کراچی پولیس آفس پر حملے کی شدید مذمت
لاہور (مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس آفس پر حملہ انٹیلی جنس کی ناکامی ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پولیس آفس پر گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ایک بار پھر ہماری بہادر پولیس کو نشانہ بنایا گیا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ خاص طور پر شہری مراکز کے درمیان دہشت گردی میں اچانک اضافہ انٹیلی جنس کی ناکامی اور ریاست کی دہشت گردی کے خلاف واضح فعال پالیسی کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور حملے میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا،وزیراعظم نے زخمیوں کا طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک گھنٹہ طویل آپریشن میں فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا،آپریشنل تیاری اور پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہو گی۔دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہو گا۔ یاد رہے کہ کراچی پولیس آفس پرحملے میں ملوث 2 دہشتگردوں کو شناخت کرلیا گیا۔ کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے میں آپریشن کے دوران مارے جانے والے 2 دہشت گردوں کو شناخت کیا گیا، ایک دہشت گرد کی شناخت زالا نور ولد وزیرحسن کے نام سے ہوئی جس کا تعلق شمالی وزیرستان سے تھا جب کہ سکیورٹی آپریشن کے دوران خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کا نام کفایت اللہ ولد میرز علی خان تھا اور وہ وانڈہ امیر لکی مروت کا رہنے والا تھا۔
بتایا گیا کہ دہشت گرد میں کراچی پولیس آفس کو اس وقت شدید نقصان پہنچا جب کراچی پولیس آفس میں فورسز کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے دھماکا کردیا، رینجرز اور پولیس چوتھے فلور کو کلیئر کروانے پہنچی تو خودکش حملہ آور نے دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے سے عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے اور عمارت کا کچھ حصہ ٹوٹ کر گیا، کراچی پولیس آفس میں دہشتگردوں کے حملے میں 2 افراد شہید اور4 زخمی ہوئے، زخمیوں میں رینجرز اور پولیس اہلکار شامل ہیں