افغانستان سے آنے والے ہر شخص کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (مسائل نیوز ڈیسک )وزارت صحت کے حکام نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے ہر شخص کے کورونا ٹیسٹ کے لیے انتظامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ان افراد میں سے جس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اسے قرنطینہ سینٹر بھیجا جائے گا۔وزارت قومی صحت سروسز (این ایچ ایس) کے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ افغانستان سے پاکستانیوں اور دیگر ممالک کے شہریوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد کے پاکستان آنے کا قوی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی یہ فیصلہ کر چکی ہے پاکستانی شہریوں کو کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ نہ ہونے کے باوجود ملک میں داخلے کی اجازت دی جائے گی تاہم دیگر ممالک کے شہریوں کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور جن میں وائرس کی تشخیص ہوئی انہیں قرنطینہ سینٹرز منتقل کیا جائے گا۔