اسلام آباد (مسائل نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان میڈیا کو پابند نہیں بنانا چاہتے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے کسی کو کوئی ہدایت نہیں دی جاتی ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے یہ بات سینیٹ کی اطلاعات و نشریات کمیٹی کے اجلاس سے صدارتی خطاب میں کہی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری سمیت دیگر کمیٹی اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں اخبارات کے مدیران، میڈیا مالکان اور عامل صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں کے مندوبین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ اجلاس میں سینیٹر فیصل جاوید نے
کہا کہ وزیراعظم آزادئ صحافت اور رائے پر کسی قسم کی قدغن عائد نہیں کرینگے- فیک نیوز کی ترویج و اشاعت بڑا مسئلہ ہے، اس کے لیے قانون سازی میں بہتری اور میڈیا ورکرز کے مسائل کا حل ضروری ہے- فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی اے مسودہ قانون کمیٹی کے روبرو پیش کیے جانے پر ہی اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سینیٹ کی اطلاعات و نشریات کمیٹی میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کسی ادارے کو ماضی میں بہت اشتہارات دیے جاتے تھے لیکن ایسے ادارے بھی تھے جن کو کوئی اشہتار نہیں ملتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اے بی سی کو بھی کہا کہ ڈمی اخبارات کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ اس وقت تک پی ایم ڈی اے کے بارے میں کوئی قانون نہیں بنا۔ ہم پر تنقید ہوتی ہے لیکن میڈیا پروٹیکشن بل صحافیوں نے بڑی محنت سے بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بل گزشتہ تین ماہ سے کمیٹی میں پڑا ہوا ہے جس کے چیئرمین بلاول بھٹو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اس بل کو کمیٹی سے پاس کرا کر اسمبلی میں لائیں گے۔