افغان رہنمائوں کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال
اسلام آباد (مسائل نیوز ڈیسک )افغان رہنما ئوں کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں افغان رہنما وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، ضروری ہے ہم مل کر افغانستان اور خطے کی بہتری کیلئے لائحہ عمل وضع کریں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا حتمی مقصد پرامن، متحد، جمہوری، مستحکم اور خوشحال افغانستان ہے، مجھے قوی امید ہے
کہ ہم مل کر امن اور مفاہمت کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری واضح طور پر افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی حامی ہے۔ انہوںنے کہاکہ افغان قیادت کیلئے لازم ہے کہ وہ اس تاریخی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے،افغانستان کے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل کی راہ ہموار کریں۔ انہوںنے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جامع مذاکرات، افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کا واحد راستہ ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں بدامنی ہو اور اندرونی انتشار سے ہمسایہ ممالک متاثر ہوں۔
انہوںنے کہاکہ ہمیں امن مخالف ان عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنا ہو گی جو پاکستان کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ مصالحانہ کردار کو غلط رنگ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان کی حتمی منزل کے حصول میں افغان معاشرے کا ہر طبقہ یکساں اہمیت کا حامل ہیے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ تمام افغان رہنما، وسیع تر قومی مفاد میں مل کر کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری اور مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے تعاون اور اقتصادی معاونت کی فراہمی کیلئے آگے بڑھے