زندگی کو ایک مقصد کے تحت گزارنے سے انسان دوسرے مخلوقات سے ممتاز بن جاتا ہے.:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا
زندگی کو ایک مقصد کے تحت گزارنے سے انسان دوسرے مخلوقات سے ممتاز بن جاتا ہے.:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا
کوئٹہ 16 آگست :۔گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ زندگی کو ایک مقصد کے تحت گزارنے سے انسان دوسرے مخلوقات سے ممتاز بن جاتا ہے. انسان خدمت خلق کیلئے اپنی زندگی وقف کر کے ہی حقیقی عظمت پاتا ہے. انہوں نے میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم پر زور دیا کہ وہ سبی سے متصل تمام اضلاع کے نوجوانوں کو ہائیر ایجوکیشن کے ثمرات سے مستفید کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں میر چاکر رند یونیورسٹی سے متعلق بریفنگ کے موقع پر کیا۔ بریفنگ کے دوران یونیورسٹی کی کارکردگی، زیرِ تعمیر عمارات، مالی و انتظامی امور اور مستقبل کا لائحہ عمل زیر بحث آئے۔اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ میرچاکر رند یونیورسٹی کے قیام سے پہلی مرتبہ سبی اور آس پاس کے علاقوں کے طلباء و طالبات کو ہائیر ایجوکیشن کی سہولت میسر ہوئی ہے۔
اس ضمن میں سبی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ پورے علاقے کے لوگوں کو علمی، عقلی اور سائنسی بنیادوں پر اْٹھانے کیلئے شعوری کاوشیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود سبی یونیورسٹی کا قیام ایک اچھا آغاز ہے. انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وقت کے ساتھ اس کی کارکردگی میں مزید وسعت اور بہتری آئیگی۔