این سی او سی نے بھارت کو سفری پابندیوں کی کیٹیگری سے نکال دیا
این سی او سی نے بھارت کو سفری پابندیوں کی کیٹیگری سے نکال دیا
اسلام آباد(مسائل نیوز ڈیسک )عالمی وبا کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں بنائے گئے فیصلہ سازی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بھارت کو سفری پابندیوں کی کیٹیگری سے نکال دیا۔ تفصیلات کے مطابق این سی او سی کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا ، جس میں دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں کورونا وبا کے تیز پھیلا اور روزانہ کی بنیاد پہ بڑھتے کیسز اور کم ویکسین کی شرح کی بنیاد پر چند ممالک کو کیٹیگری سی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ،
ان ممالک میں بنگلہ دیش ، انڈونیشیا ، ایران ، عراق ، تھائی لینڈ ، جنوبی افریقہ ، نیپال ، تیونس ، لیبیا ، میکسیکو ، مراکش ، میانمار، ایکواڈور ، گوئیٹے مالا اور نمبیا شامل ہیں تاہم بھارت کو کیٹیگری سی سے نکال دیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ تمام کیٹیگریز کے ممالک سے آنے والے افراد پر کورونا ٹیسٹوں کے پروٹوکول لاگو رہیں گے، مختصر دورانیہ کے ویزے پر کیٹیگری سی ممالک میں سفر کرنے والے پاکستانیوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر واپس سفر کی اجازت ہوگی ،
کیٹیگری سی میں موجود ممالک کے علاوہ تمام ممالک کو کیٹیگری بی میں رکھا گیا ہے، نظر ثانی شدہ فہرست کو تمام تر متعلقہ پروٹوکولز کے ساتھ فوری نافذ العمل کر دیا گیا ہے ، 15 ستمبر 2021 کو اس پالیسی پہ نظر ثانی کی جائے گی۔دوسری جانب برطانوی وزیراعظم نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا عندیہ دے دیا ، اس ضمن میں برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ پاکستان کو ریڈلسٹ سے نکالنے کے لیے ڈیٹا کا جائزہ لے رہے ہیں ، انہوں نے یہ بات پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کے دوران کہی جس میں کورونا صورتحال اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر بورس جانسن نے کہا کہ افغان چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے جب کہ اس دوران پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات نئی سطح تک لے جانے کیلئے مل کر کام کریں گے۔