افغانستان کی بدلتی صورتحال پر پاکستان نے اہم بیان جاری کردیا
اسلام آباد(مسائل نیوز ڈیسک )افغانستان کی بدلتی صورتحال پر پاکستان نے اہم بیان جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان طالبان کے داخلے کی اطلاعات کے بعد ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ، پاکستان کا ہمیشہ مقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں ،
کابل میں پاکستان کا سفارتخانہ فعال ہے ، کابل میں سفارتی عملے کی سیکیورٹی کے لیے تمام اقدامات کیے ہیں، ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ سفارتخانہ بند نہ کرے ، افغانستان میں تمام پاکستانیوں کو ممکنہ مدد فراہم کی جارہی ہے، افغانستان میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے ، پاکستان کا ہمیشہ مقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو ، پاکستان ہمیشہ سے چاہتا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال خراب نہ ہو۔دوسری طرف افغانستان کی سورتحال سے متعلق افغان صدارتی محل میں ہوئے مذاکرات میں معاہدہ طے پا گیا ،
افغان میڈیا کے مطابق افغان صدارتی محل میں طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جہاں کابل پر حملہ نہ کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے ، جس کے تحت طالبان عبوری حکومت کو اقتدار کی پرامن منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، علی احمد جلالی نئی حکومت کے سرا راہ مقرر کئے جائیں گے جب کہ اس سارے معاملے میں عبداللہ عبداللہ ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں ، افغانستان کے قائم مقام وزیرداخلہ عبدالستار مرزا کوال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابل پر حملہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت کی منتقلی پرامن طریقے سے ہوگی ، کابل کے شہری یقین رکھیں کہ سکیورٹی فورسز شہر کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔