طالبان کا افغان باب دوستی گیٹ پر کنٹرول، ملک کا پرچم اتاردیا، پاکستان نے سرحد سیل کر دی
چمن قندھار شاہراہ پر طالبان نے کنٹرول کرلیا ، آمدورفت معطل ہے،افغان محکمہ ٹرانسپورٹ
طالبان کا افغان باب دوستی گیٹ پر کنٹرول، ملک کا پرچم اتاردیا، پاکستان نے سرحد سیل کر دی
کابل /چمن(مسائل نیوز ڈیسک )طالبان نے پاکستان اور افغانستان کے مابین مرکزی گزرگاہ کاکنٹرول حاصل کرلیا جس کے بعد پاکستان نے سرحد سیل کر دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سرحد سے متصل افغان ضلع اسپن بولدک پر قبضے کے لیے حملہ کیا گیا، پاکستان اور افغانستان کے مابین مرکزی گزرگاہ کاکنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ترجمان طالبان کا کہنا تھاکہ طالبان نے 20 سال بعد افغانستان کی جانب سے باب دوستی کاکنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے، باب دوستی پر طالبان نے افغانستان کا قومی پرچم اتار دیا اور طالبان امارت اسلامی کا سفید پرچم لہرادیا گیا
۔دوسری جانب افغان محکمہ ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی کہ افغانستان میں چمن قندھار شاہراہ پر طالبان نے کنٹرول کرلیا جس کے باعث آمدورفت معطل ہے۔صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد سیل کرکے سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں لیویز حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے بھی باب دوستی ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے جس کے باعث تجارت بھی معطل ہے، باب دوستی پر اضافی سکیورٹی تعینات کرکے پاک افغان بارڈر پر ہائی الرٹ کردیا گیا ،
باب دوستی گیٹ سے آمدورفت اور تجارت بحالی کیلئے طالبان کی مقامی قیادت سے رابطے میں ہیں۔لیویز حکام کے مطابق چمن سے متصل افغانستان کی تمام سرحدی چوکیوں پر طالبان کا قبضہ ہے اور پاک افغان بارڈر پر غیریقینی صورتحال ہے۔ادھر افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے اسپن بولدک کے سرحدی علاقے کی جانب کچھ پیش قدمی کی تھی جہاں افغان سکیورٹی فورسزنے طالبان کا حملہ پسپا کردیا۔