انسٹاگرام کا اپنی سروس کی بندش سے خود صارفین کو آگاہ کرنے کا فیصلہ
نیویارک(مسائل نیوز)چند دن پہلے دنیا بھر کے لاکھوں انٹرنیٹ صارفین نے ٹوئٹر کا رخ کرکے فیس بک سروسز بشمول انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے کام نہ کرنے کی شکایات کی تھیں۔اب فیس بک سروسز میں آنے والی اس خرابی پر لاتعداد اسٹوریز اور لوگوں کی شکایات کو دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا نیٹ ورک نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مستقبل میں وہ خود آپ کو اس طرح کے مسئلے سے آگاہ کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسی مقصد کے لیے انسٹا گرام میں ایک فیچر کی آزمائش شروع ہوئی ہے جو آپ کو ایکٹیویٹی فیڈ پر تیکنیکی خامی یا سروس
مسائل کی تفصیلات فراہم کرے گا۔مگر اس سے بھی بڑھ کر کمپنی کی جانب سے یہ بھی آگاہ کیا جائے گا کہ کب یہ مسئلہ ٹھیک ہوگیا اور سب کچھ معمول پر آگیا ہے۔انسٹا گرام نے اس حوالے سے بتایا کہ ہم ہر بار سروس کے متاثر ہونے پر آگاہ نہیں کریں گے مگر جب ہم دیکھیں گے کہ لوگ الجھن کے شکار ہیں اور جواب چاہتے ہیں تو ہم تعین کریں گے ہم کس طرح معاملات واضح کرنے میں ان کی مدد کرسکتے ہیں۔اس فیچر کی آزمائش ابھی امریکا میں ہورہی ہے اور عالمی سطح پر اسے جلد توسیع دیئے جانے کا امکان ہے۔سروس متاثر ہونے کے نوٹیفکیشن کے ساتھ ساتھ انسٹا گرام کی جانب سے اکانٹ اسٹیٹس نامی ٹول بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔یہ ٹول صارفین رپورٹ ہونے والی پوسٹس اور مواد سے آگاہ کرے گا، یعنی ایک طرح کا ہب ہوگا جو آپ کو بتائے گا کب آپ سوشل میڈیا نیٹ ورک کے اصولوں کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔اسی طرح یہ بھی بتایا جائے گا کہ آپ کے اکائونٹ پر پابندی کا خطرہ تو نہیں۔