Masael Quetta

افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیاں نہیں بھولیں گے ،صدر مملکت کا جشن آزادی پر پیغام

2 165

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد (مسائل نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم آزادی پرنظریہ پاکستان کی بقا اور مثالی فلاحی ریاست کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں نہیں بھولیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 75ویں جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس سال ہم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں، یہ دن مادر وطن کے حصول کے لیے قائد اعظم کی قیادت میں لاتعداد قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، آج نظریہ پاکستان کی بقا اور مثالی فلاحی ریاست کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ افواج پاکستان، سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں نہیں بھولیں گے، شہداء نے مادر وطن کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یوم آزادی پر بھارتی بربریت کے شکار کشمیری بہن بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔
بتاتے چلیں کہ قوم آج پاکستان کا 75واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منارہی ہے ہر طرف سبزہلالی پرچموں کی بہار ہے، 14 اگست کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر میں 75 ویں آزادی کا جشن بھرپور عقیدت و احترام سے منانے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور فضا قومی نعروں اور ملی نغموں سے گونج اٹھی، دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعاؤں سے ہوا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی ، ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم حکومتی اور سرکاری شخصیات شرکت کریں گی۔
کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار علامہ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، مزارِ قائد پر اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب میں پاک نیول اکیڈمی کے نیول کیڈٹس نے اعزازی گارڈزکی ذمہ داریاں سنبھالی لیں، تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور محمد خالد نے مزار قائد پر گلدستہ رکھا، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کیے۔
اعزازی گارڈز نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور سیلرز کے دستوں پر مشتمل ہے جن میں 48 کیڈٹس بشمول 2 فیمیل کیڈٹس اور 32 سیلرز شامل ہیں جب کہ مزار قائد میں ہو نے والی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک بحریہ کی تاریخ میں پہلی بارخواتین کیڈٹس نے بھی حصہ لیا، اسی طرح پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر مزار علامہ اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، مزار اقبال پر جشن آزادی کی ہونے والی تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے لیکر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

You might also like
2 Comments
  1. […] آباد (مسائل نیوز) قوم آج پاکستان کا 75واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منارہی ہے ہر طرف سبزہلالی پرچموں کی بہار ہے […]

  2. […] نیوز) ملک بھر میں چودہ اگست کا آغاز ہوتے ہی 75 ویں آزادی کا جشن بھرپور عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے جبکہ فضا […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.