جون 2021 میں مجموعی درآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح 6 ارب 28کروڑ 60لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں
جون میں سالانہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات اور پیٹرولیم گیس سمیت سویا بین کی درآمدات میں بڑا اضافہ ہوا
جون 2021 میں مجموعی درآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح 6 ارب 28کروڑ 60لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں
لاہور(مسائل نیوز ڈیسک ) جون 2021 میں مجموعی درآمدات کسی بھی ایک مہینے میں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 6 ارب 28کروڑ 60لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں، جون میں سالانہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات اور پیٹرولیم گیس سمیت سویا بین کی درآمدات میں بڑا اضافہ ہوا۔وزارت تجارت کی دستاویز کے مطابق جون میں سالانہ بنیادوں پر چین سے درآمدات 54فیصد اضافے کے بعد ایک ارب 79 کروڑ ڈالرز رہیں جبکہ جون 2020 میں چین سے درآمدات کا حجم ایک ارب 23 کروڑ ڈالرز تھا۔
گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات سے درآمدات میں 122 فیصد اضافہ ہوا اور درآمدات 65 کروڑ 87 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ جون 2020 میں متحدہ عرب امارات سے درآمدات 29 کروڑ 61 لاکھ ڈالرز تھیں۔اسی طرح جون 2021 میں برازیل سے درآمدات 92 فیصد اضافے کے بعد 31 کروڑ 43 لاکھ ڈالرز رہیں اور جون 2020 میں برازیل سے درآمدات 16 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز تھیں۔دستاویز کے مطابق گزشتہ ماہ انڈونیشیا سے درآمدات میں 90 فیصد اضافہ ہوا اور درآمدات کا حجم 30 کروڑ 77 لاکھ ڈالرز رہا جو جون 2020 میں 16 کروڑ 23 لاکھ ڈالرز تھا۔جون 2021 میں سعودی عرب سے درآمدات 338 فیصد اضافے کے بعد 30 کروڑ 74 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ جون 2020 میں سعودی عرب سے درآمدات کا حجم 7 کروڑ ڈالرز تھا۔جون میں سالانہ بنیادوں پر عمان سے درآمدات میں 23 فیصد، کینیا 28، کینیڈا 7، بلجیم 30 اور سوئٹزر لینڈ سے درآمدات میں 12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔