پیپلز پارٹی کو راولپنڈی یا اسلام آباد سے محب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں
جس شخص نے ایٹمی پروگرام کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اسے غدار کہا جا رہاہے،ہماری زبان کھل گئی تو مناسب نہیں ہو گا،پی پی رہنما کا بھٹو کو غدار کہنے پر سخت ردِعمل
پیپلز پارٹی کو راولپنڈی یا اسلام آباد سے محب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں
اسلام آباد(مسائل نیوز ڈیسک ) گذشتہ روز وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہاہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو غدار، نوازشریف ڈاکو ہیں۔علی امین گنڈا پور کے بیان پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی جانب سے سخت تنقید بھی کی گئی جبکہ آج اسمبلی میں احتجاج بھی کیا گیا۔اسی حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس نیوکلئیر ڈیٹرنٹ ہے تاہم اس کو شہید ذوالفقارعلی بھٹو معرض وجود میں لے کر آئے،جس نے یہ بات کہی تھی کہ ہم گھاس پھوس کھا لیں گے لیکن اپنے ایٹمی پروگرام کے اوپر سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
آج آپ اس شخص کے لیے ایسے الفاظ استعمال کر رہے ہیں۔رضا ربانی نے مزید کہا کہ ہمیں نہ اسلام آباد سے اور نہ راولپنڈی سے محبت الوطنی کا سرٹیفیکٹ لینے کی ضرورت ہے۔سابق وزرا اعظموں کو چوروں کا خطاب دیا جا رہا ہے لیکن اگر ہماری زبان کھل گئی تو مناسب نہیں ہو گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے والے شہید بھٹو پر پی ٹی آئی کی تنقید گِری ہوئی حرکت ہے۔وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ووٹوں کے سوداگر غیر سنجیدہ لوگ مسئلہ کشمیر کا ستیا ناس کررہے ہیں
۔شیری رحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دھاندلی کے ذمے دار کشمیر الیکشن چوری کرنے کیلیے میدان میں اترچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بد زبانی، بد گوئی، بد کلامی اور بد تہذیبی سے عوام کے دل نہیں جیتے جاسکتے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے اخلاقیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پر الزامات کی بوچھاڑ کی تھی۔ زاد کشمیر میں تقریر کے دوران ذوالفقار علی بھٹو کو غدار اور نوازشریف کو ڈاکو قرار دیا تھا۔