کورونا سے بچاو کی ویکسین نہ لگانے کا بہانہ بناکر دکانوںکو بلاجواز بند کیا جارہا ہے:انجمن تاجران بلوچستان
(مسائل نیوز ڈیسک )
انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام کوئٹہ شہر میں انتظامیہ جانب سے دکانوں کو سیل کرنے کے خلاف جنرل سیکرٹری عمران ترین کی قیادت میں منان چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری عمران ترین، محمد جان آغا درویش،ولی افغان، حاجی حسن خلجی، حاجی سلیم، منظور ترین ، سلیم ترین نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین نہ لگانے کا بہانہ بناکر دکانوںکو بلاجواز بند کیا جارہا ہے
جس کی وجہ سے تاجروں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر دکانوں کو سیل کرنے کی انجمن تاجران بلوچستان شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پرسیل کی جانے والی دکانوں کو کھولنے کے احکامات جاری کرے بصورت دیگر انجمن تاجران بلوچستان سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران بلوچستان دکانداروں اور دکانوں میں کام کرنے والے ملازمین کو ویکسین لگانے کا پابند کرسکتی ہے
مگر وہ گاہکوں کو کیسے ویکسین لگانے کا پابند کرے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ شہر میں عیدالاضحی کے موقع پر خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین لگانے کیلئے منان چوک پر ایک کیمپ لگائے جہاں شہریوں کی ویکسی نیشن کی جاسکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرکوئٹہ نے احتجاج کرنے والے تاجروں سے ملاقات کی اورانہیں یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ کی جانب سے سیل کی جانے والی دکانوں کوفوری طور پر کھول دیا جائے گا تاجران اپنا احتجاج ختم کردیں جس کے بعد انجمن تاجران بلوچستان نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔