پشاور(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں امن کے قیام پر آرمی چیف کا عزم
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، اور امن کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو مؤثر اور فیصلہ کن انداز میں ناکام بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پشاور میں سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی موجود تھے۔
- Advertisement -
جنرل عاصم منیر نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا، “دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ جاری رہے گی، اور ہم دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر ملک کو محفوظ بنائیں گے۔”
بعد ازاں، آرمی چیف نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جنہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد پر زور دیا۔
سیاسی قائدین کی ملاقاتیں
آرمی چیف سے عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم، اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے قومی یکجہتی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دشمن عناصر خوف اور انتشار پھیلانے کی کوشش کریں گے، لیکن پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔