MNN News
Ultimate magazine theme for WordPress.

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات، پنجاب میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا

لاہور (مسائل نیوز) کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں مسلم لیگ ن نے پنجاب میں میدان مار لیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کا پنجاب میں پلڑا بھاری رہا۔ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن 51 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی۔ صوبہ پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 113 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 51، آزاد امیدوار 32،پی ٹی آئی 28 ، جماعت اسلامی 2 وارڈز میں کامیاب ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی ایک بھی نشست حاصل نہ کر سکی ۔
لاہور اور راولپنڈی میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں والٹن اور لاہور کینٹ مسلم لیگ ن نے جیت لیے جبکہ چکلالہ کینٹ میں بھی پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست ہوئی۔ جبکہ واہ کینٹ میں مسلم لیگ ن نےجیت کر پاکستان تحریک انصاف کو بڑا دھچکا پہنچایا۔

دوسری جانب گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف نے جیت کر مسلم لیگ ن کو مات دی، اس کے علاوہ بہاولپور، جہلم اور کھاریاں میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔

خیال رہے کہ ملک بھر کےکنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ گذشتہ روز ملک کے کنٹونمنٹ بورڈز کے 212 وارڈز میں 1560 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔ لاہور کے 2 کنٹوٹمنٹ بورڈز کیلئے 20 وارڈز میں 269 اميدوار، راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں 83 امیدوار، پشاور ميں 5 وارڈز کیلئے 45 اميدوار اور کوئٹہ کے 5 وارڈز کیلئے 31 اميدوار مدمقابل رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.