ضلعی انتظامیہ نے تاجروں کی تجویز پر انسداد کورونا وائرس ویکسینشین کیمپ قائم کردیا ہے،اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ
کوئٹہ(مسائل نیوز)اسسٹنٹ کمشنر زوہیب صدیقی نے کہا ضلعی انتظامیہ نے تاجروں کی تجویز پر انسداد کورونا وائرس ویکسینشین کیمپ قائم کردیا ہے تاکہ بازار میں آنے والے افراد اور تاجروں کو انسداد کورونا وائرس ویکسین لگوائی جا سکے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ہمیں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدآمد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی تشویشناک صورتحال سے پیشگی بچا جا سکے ۔
کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ اور انجمن تاجران بلوچستان کے اشتراک سے تاجروں اور بازار آنے والے خریداروں کی انسداد کورونا وائرس ویکسینیشن کیمپ قائم کردیا گیا ،منگل کو اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی ذوہیب صدیقی اور انجمن تاجران بلوچستان کے جنرل سیکرٹری عمران ترین کی جانب سے کوئٹہ کے کاروباری علاقے میزان چوک پر انسداد کورونا وائرس ویکسینیشن کیمپ کا افتتاح کیا گیا کیمپ میں تاجروں، دکانداروں اور بازار میں خریداری کرنے کے لئے آنے والوں کی مفت انسداد کورونا وائرس ویکسینیشن کی جائےگی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجمن تاجران بلوچستان کے جنرل سیکرٹری عمران ترین نے کہا کہ تاجروں نے کورونا وائرس کے دوران انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھا ہے گزشتہ سال حکومت کے کہنے پر مکمل لاک ڈاﺅن بھی کیا گیا
انجمن تاجران کا روز اول سے موقف ہے کہ ہمیں انسانی جانوں کے بچاﺅکا احساس ہے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو جاری رکھیں گے مگر فیصلے کرنے سے قبل تاجروں کو بھی اعتماد میں لیا جانا چاہےے تاکہ ہمیں درپیش مسائل بھی مد نظر رکھے جاسکیں انہوں نے کہا کہ تاجروں نے انتظامیہ کو انسداد کورونا وائرس ویکسین لگوانے کی یقین دہانی کروائی ہے ہم اپنی دکانوں سمیت دیگر مراکز میں کام کرنے والے افراد کی بھی ویکسینیشن کروائیں گے اور ساتھ ہی کورونا وائرس سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر پر عملدآمد کو بھی یقینی بنائیں گے ۔