آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مختلف ممالک کے سفیروں کی ملاقات
راولپنڈی(مسائل نیوز ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مختلف ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی، جس میں افغانستان کی صورتحال اور یورپی یونین سے دوطرفہ تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں جاری تنازعے میں پاکستان کا کوئی پسندیدہ نہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مختلف ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی۔آرمی چیف اور جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور فرانس کے قائم مقام سفیروں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقاتوں میں یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ افغانستان میں جاری تنازعے میں پاکستان کا کوئی پسندیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش افغانستان میں امن واستحکام کیلئے تعاون کرنا ہے۔ مختلف ممالک کے سفیروں نے ملاقات میں افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔