راولپنڈی(مسائل نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے دورے میں افغان صدراشرف غنی سے تفصیلی ملاقات کی ۔ برطانوی چیف آف ڈیفنس بھی ملاقات میں موجود تھے ۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی،افغان مفاہمتی عمل میں تازہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔سیکیورٹی،دفاعی تعاون،مو ثربارڈرمینجمنٹ پربھی غورکیاگیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر کہناتھاکہ پرامن افغانستان کامطلب پاکستان اورخطے میں امن ہے۔
پاکستان افغان عوام کے دیر پا امن کی کوششوں کی حمایت کرتارہے گا ہم ہمیشہ تمام سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کےساتھ افغان قیادت میں افغان امن عمل کی حمایت کرینگے ۔ افغان صدر نے بامقصدبات چیت،افغان مفاہمتی عمل میں سنجیدہ کردارپر آرمی چیف کاشکریہ ادا کیا ۔
بعد ازاں آرمی چیف نے افغانستان کے قومی مفاہمت کےلئے اعلی کونسل کے چیرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی جس میں افغان امن عمل کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید بھی دورے کے دوران آرمی چیف کے ساتھ تھے۔