عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے،ظہور بلیدی
- Advertisement -
کوئٹہ (مسائل نیوز ڈیسک )صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کے محصولات کو جمع کرنے کے نظام میں شفافیت لانے کاروباری حضرات کو سہولیات بہم پہنچانے اور بجٹ خسارے کو کم کرنے کے لیے محکمہ خزانہ نے وزیر اعلی بلوچستان کے ویژن کے مطابق آن لائن محصولات کی وصولی کے نظام کو متعارف کروایا ہے تاکہ محصولات جمع کرنے کے نظام میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہ فریقی معاہدہ برائے آن لائن محصولات کی وصولی سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکریٹری محکمہ خزانہ عبدالرحمن بزدار،اسپیشل سیکریٹری محکمہ خزانہ لال جان جعفر، مینجنگ ڈائریکٹر بینکنگ سروسز اسٹیٹ بینک آف پاکستان محمد اشرف خان، ڈائریکٹر فنانس اسٹیٹ بینک آف پاکستان قادر بخش، چیف ایگزیکٹو آفیسر لنک ون لمیٹڈ نجیب آگرہ والا اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے صوبائی وزیر نے کہا کہ کاروباری حضرات کے ذمے حکومتی محصولات کو اکھٹا کرنے کے فرسودہ نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی بھی شخص حکومت بلوچستان کو جمع کرائے جانے والے محصولات ملک کے کسی بھی حصے سے جمع کراسکیں انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں خدمات پر سیلز ٹیکس کی وصولی متبادل ڈیلیوری چینل کے نظام کے تحت کی جائے گی اس سے عوام کو سہولیات میسر آئیں گے میر ظہور احمد بلیدی نے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ محصولات کی ادائیگی انٹرنیٹ بینکنگ موبائل بینکنگ اے ٹی ایم ایز ی پیسہ اور دیگر جدید ذرائع سے ممکن ہو سکے گی جس سے عوام کے ذہنوں میں پایا جانے والا شک دور ہو جائے گا اور حکومت کو بروقت محصولات کی ادائیگی ممکن ہو سکے گی صوبائی وزیر نے کہا کہ اگلے مرحلے میں دیگر محصولات جو کہ محکمہ ایکسائز، بورڈ آف ریونیو اور محکمہ معدنیات کے تحت وصول کیے جاتے ہیں کو بھی اس نظام کے تحت لایا جائے گا تاکہ عوام کے وقت کے ضیاع کو روکا جا سکے اور ان کو جدید دور کی سہولیات میسر آسکیں انہوں نے کہا کہ مذکورہ نظام سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کو ٹیکس جمع کرنے میں سہولت میسر آئے گی بلکہ ٹیکس دہندگان کا اعتماد بھی بحال ہوگا کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ بغیر کسی تاخیر کے حکومتی خزانے میں جمع ہو گا بعد ازاں محکمہ خزانہ حکومت بلوچستان اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور لنک ون کے نمائندوں نے سہ فریقی معاہدے برائے آن لائن محصولات کی وصولی پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا صوبائی وزیر نے اس نئے خود کار نظام کو بروقت متعارف کر وانے پر محکمہ خزانہ حکومت بلوچستان اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور لنک ون کے اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کیا۔