لاہور شہر کیلئے تحریک انصاف کی حکومت کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ
لاہور(مسائل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شیرانوالہ فلائی اوور منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے شیرانوالہ فلائی اوور کو داتا گنج بخش فلائی اوور کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان شیرانوالہ فلائی اوور کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ منصوبہ اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ شیرانوالہ فلائی اوور پرانے لاہور کو نئے لاہور سے ملائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 5 ارب روپے کی لاگت سے شروع کیا جانے والا یہ منصوبہ اپنی مثال آپ
ہوگا جبکہ ایل ڈی اے نے اس منصوبے کی مد میں شفافیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 کروڑ روپے بچا لئے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شیرانوالہ فلائی اوور کے ساتھ ساتھ تین پارکنگ پلازے بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ فلائی اوور کے ساتھ ساتھ زیر زمین سیوریج کا سسٹم بھی بحال کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد لاہور کے شہریوں کے لئے ٹریفک کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت زیر تعمیر دیگر منصوبے بھی مکمل کرے گی۔ وال سٹی اتھارٹی کے لئے چار ارب روپے مختص کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لاہور کی ترقی کے لئے پوری جاں فشانی سے کام کرے گی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے شیرانوالہ فلائی اوور منصوبے کا ایس ایم جی سی بٹن دبا کر افتتاح کیا۔ جس میں صوبائی وزرائ، ٹکٹ ہولڈرسمیت شہر کی سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ بیوروکریٹس نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ منصوبے کو شروع ہوئے 2 مہینے سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔