برطانیہ کا 47 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان
لندن (مسائل نیوز) برطانیہ کا 47 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان- غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شاپس نے 47 ملکوں کو اپنی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔ گرانٹ شاپس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 47 ممالک سے آنے والے ویکسینیٹڈ افراد کو ہوٹل میں قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گاجبکہ یہ ممالک پیر سے ریڈ لسٹ سے نکل جائیں گے۔
گرانٹ شاپس کا مزید کہنا تھا کہ پیر صبح 4 بجے کے بعد پاکستان سمیت 37 ممالک سے آنے والوں کے ویکسین سرٹیفکیٹ قابل قبول ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ بھی نہیں کرانا ہوگا ،تاہم تمام مسافروں کیلئے لوکیٹر فارم بھرنا لازمی ہوگا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب صرف 7 ممالک برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں رہ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 17 ستمبر کو برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا تھا۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ پاکستان سمیت وہ تمام ممالک جو ریڈ لسٹ میں شامل نہیں ہیں، انہیں ریسٹ آف دی ورلڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، اس فہرست میں شامل ممالک سے برطانیہ آنیوالے مسافروں پر عائد سخت پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے، ایسے افراد کو اب ہوٹلوں میں قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس حوالے سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے بھی ٹوئٹ کیا گیا ہے۔ سفری پابندیوں سے متعلق برطانوی حکومت کے تازہ ترین فیصلے سے متعلق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ کرونا کی تسلیم شدہ مکمل ویکسینیشن کے ساتھ برطانیہ جانیوالے پاکستانیوں کو اب برطانیہ میں قرنطینہ سے استثنیٰ ہوگا، انہیں نادرا سرٹیفکیٹس دکھا کر صرف 2 روز کے اندر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
جبکہ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ برطانوی حکومت نے پاکستان میں لگائی جانے والی فائزر، آسٹرازینیکا اور موڈرنا کی ویکسین تسلیم کی ہیں۔ برطانوی حکام کے مطابق ریڈ لسٹ سے باہر ممالک کے ایسے مسافر جنہوں نے تسلیم شدہ ویکسین نہ لگوائی ہوں، ان افراد کو پہلے کی طرح سفر سے 2 روز قبل، برطانیہ پہنچنے کے دوسرے اور 8ویں دن کرونا ٹیسٹ کرانا ہوگا، جبکہ 10 روز کیلئے قرنطینہ بھی کرنا ہوگا۔ یہاں واضح رہے کہ برطانیہ نے کچھ روز قبل ہی شدید سفارتی دباو کے بعد پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے خارج کیا تھا۔