مسجد حرام میں اللہ کے مہمانوں اور کارکنان میں5000چھتریاں تقسیم
مکہ مکرمہ (ویب ڈیسک)حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد حرام میں آنے والے افراد اور وہاں کام کرنے والے عملے میں 5000 چھتریاں تقسیم کیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق چھتریوں کی تقسیم جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے ہدیتی مظلتی(میرا تحفہ میری چھتری)کے نام سے ایک منصوبے کے تحت عمل میں آئی۔ اس کا مقصد نمازیوں، معتمرین اور کام کرنے
والوں کو سورج کی شدید تپش سے محفوظ رکھنا ہے۔جنرل پریذیڈنسی میں سماجی خدمات کی انتظامیہ کے ڈائریکٹر جنادی بن علی مدخلی نے باور کرایا کہ پریذیڈنسی تمام لوگوں کی عمومی صحت اور سلامتی کی خواہاں ہے۔ اس نوعیت کے تمام منصوبے مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس کی ہدایات پر نافذ کیے جا رہے ہیں۔ ان کا مقصد اللہ کے گھر کا رخ کرنے والوں کو بہترین اور اعلی ترین خدمات فراہم کرنا ہے۔