اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کی قیادت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی حیثیت سے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کے لیے جلد آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم
جلسہ عام سے خطاب کریں گے، وزیر اعظم کے لیے وہاں جانے کا بالکل ٹھیک وقت ہے لیکن وہ وزیراعظم کی
حیثیت سے نہیں بلکہ تحریک انصاف کے چیئرمین کی حیثیت سے جارہے ہیں۔ فواد چوہدری سے سوال کیا گیا کہ وزیر اعظم کیسے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کا حصہ بن سکتے ہیں؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین آزاد کشمیر میں عوامی جلسہ نہیں کریں گے تو کیا ہم میڈیا کے کچھ مالکان کو جا کر جلسہ کرنے کا کہیں گے؟ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم آزاد ملک میں چلانا پی ٹی آئی کے چیئرمین کا حق ہے
۔وزیر اعظم نے انتخابی اصلاحات پر بات چیت کے لیے اپوزیشن کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کش کی تھی۔ یاد رہے کہ خیال رہے کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ آزاد کشمیر کے 33 جبکہ مہاجرین جموں کشمیر کے 12 حلقوں میں انتخابات
کاانعقاد ہوگا، حالیہ انتخابات میں گزشتہ انتخابات کی نسبت 4 انتخابی حلقوں کا اضافہ کیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں 28 لاکھ 17 ہزار 90 ووٹرز، جب کہ مجموعی طور پر 32 لاکھ 20 ہزار 546 کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹر کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347 اورخواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 743 ہے۔