بلوچستان میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک گر چکی ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(مسائل نیوز)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک گر چکی ہے اگر صوبے میں آبی ذخائر کے حوالے سے جامع حکمت عملی وضع نہ کی گئی تو پورا صوبہ بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کئی خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات میں بلوچستان کو خصوصی ترجیح دی ہے. وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت صوبہ بلوچستان میں جاری 230 ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نئی انقلابی تبدیلیاں رونما ہوگئیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت صوبہ بلوچستان میں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بریفنگ کے دوران صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ عبداللہ خان اور چیف آف سیکشن عارف شاہ بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت صوبہ بلوچستان میں قومی شاہراہوں کی تعمیر، نئے ڈیموں کی تعمیر، توانائی کے نئے منصوبے اور زیر تکمیل مختلف منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی سے پسماندگی کا خاتمہ ہو جائے گا. انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو عوامی سطح پر زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔