افغانستان جانیوالے افراد اب کتنے ڈالر ساتھ لے جاسکتے ہیں ؟ سٹیٹ بینک نے اہم اعلان کر دیا
کراچی(مسائل نیوز)سٹیٹ بینک نے غیرملکی کرنسی کے بیرون ملک غیرقانونی بہاؤ کو روکنے کے لیے افغانستان کا سفر کرنے والے افراد کو صرف ایک ہزار امریکی ڈالر ساتھ لے جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق افغانستان کا سفر کرنے والے افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ سالانہ حد 6 ہزار امریکی ڈالر ہوگی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے بیرونی کرنسی کی لین دین میں شفافیت بڑھانے اور نقد بیرونی کرنسی کے ناجائز بیرون ملک بہاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے
مطابق افغانستان کا سفر کرنے والوں کو ایک ہزار امریکی ڈالر فی وزٹ ساتھ لےجانے کی اجازت ہوگی اور اس کی سالانہ حد 6 ہزار امریکی ہوگی۔سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ 500 امریکی ڈالر اور زائد کے مساوی تمام بیرونی کرنسی کی فروخت کی ٹرانزیکشنز اور بیرون ملک بھیجی جانے والی ترسیلات زر کے لیے ایکسچینج کمپنیوں کو بایو میٹرک تصدیق کرنی ہوگی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایکسچینج کمپنیاں10 ہزار امریکی ڈالر اور زائد کے مساوی نقد بیرونی کرنسی کی فروخت اور بیرون ملک ترسیلات زر بھیجنے کا عمل صرف چیک کے ذریعے وصول ہونے والی رقوم کے عوض یا بینکاری چینلز کے ذریعے کریں گی۔اعلامیے کے مطابق یہ شرط20 اکتوبر 2021 سے لاگو ہوگی۔