بابراعظم کو کم ترین اننگز میں 4000 رنز مکمل کرنیوالے بلے باز بننے کا موقع مل گیا
لاہور(ویب ڈیسک)قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 4000 رنز سکور کرنے کیلئے اگلی 2 اننگز میں 192 رنز درکار ہیں۔ 26 سالہ بابراعظم اب تک 80 ون ڈے میچز کی 78 اننگز میں 56.83 کی اوسط سے 3808 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 13 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں ، اس وقت تیز ترین 4000 رنز کا اعزاز ہاشم آملہ کے پاس ہے جنہوں نے دسمبر 2013 میں 81 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا، پاکستان کے لیے
یہ ریکارڈ اس وقت سابق کپتان محمد یوسف کے پاس ہے جنہوں نے دسمبر 2002 میں زمبابوے کے خلاف 110 اننگز کھیل کر 4000 رنز مکمل کیے تھے۔یاد رہے کہ انگلینڈ کیمپ میں کوویڈ 19 کیسز آنے کی خبر ملنے کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ای سی بی کے توسط سے میڈیکل پینل کی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے لیے کیے جانے والے پروٹوکولز پر مطمئن ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان سیریز8 جولائی سے کارڈف میں شروع ہو رہی ہے۔ پی سی بی اس سلسلے میں انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی منجمنٹ کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں ہوٹل اور میچ وینیو پر مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔